بنڈارو دتاتریہ تمام طبقات میں مقبول، سوانح حیات کی رسم اجراء، رامناتھ کووند، وینکیا نائیڈو، چندرا بابو نائیڈو اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 8 جون (سیاست نیوز) گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ کی سوانح حیات ’’پرجالا کھتا نا آتما کتھا‘‘ کی رسم اجراء آج شلپاکلا ویدیکا میں منعقد ہوئی۔ سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو، چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی، سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، گورنر آندھرا پردیش جسٹس عبدالنذیر، گورنر تلنگانہ جشنودیوورما، گورنر اڈیسہ کے ہری بابو، گورنر تریپورہ اندرا سین ریڈی، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے علاوہ تلنگانہ کے بیشتر وزراء اور قائدین نے شرکت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنی تقریر میں بی جے پی سے سیاسی سفر کے آغاز کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کے حالیہ اجلاس کے موقع پر لنچ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے چندرا بابو نائیڈو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کے ساتھی اِدھر ہیں‘‘ ۔ اس کے جواب میں میں نے کہا کہ اسکول آپ کے پاس پڑھا ہوں، کالج اُن (تلگودیشم) کے پاس پڑھا ہوں اور ملازمت راہول گاندھی کے پاس کررہا ہوں‘‘۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے تمام قائدین سے میرے اچھا مراسم ہیں۔ بی جے پی کے تمام ریاستی صدور سے قریبی روابط رہے۔ سیاسی راستے بھلے ہی الگ ہیں لیکن نجی مراسم ہمیشہ بہتر رہے ہیں۔ بنڈارو دتاتریہ کے سیاسی سفر کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ گولی گوڑہ کی گلی سے ہریانہ راج بھون تک کا سفر مثالی رہا۔ عام آدمی سے بنڈارو دتاتریہ کے گہرے روابط ہیں اور وہ غریبوں کی چھوٹی تقاریب میں بھی شرکت کرتے ہیں۔ دتاتریہ اور کشن ریڈی کے خاندان سے میرے گہرے مراسم ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے باوجود انہوں نے بنڈارو دتاتریہ سے عقیدت کے باعث تقریب میں شریک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاست میں جس طرح اٹل بہاری واجپائی کا احترام کیا جاتا ہے اسی طرح ریاستی سطح پر بنڈارو دتاتریہ ہیں۔ ہر سال دتاتریہ تلنگانہ تحریک کی علامت کے طور پر ’’الائی بلائی‘‘ پروگرام کا اہتمام کرتے ہیں جس میں سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام پارٹیوں کے قائدین شرکت کرتے ہیں۔ دونوں شہروں میں عوام کو کوئی بھی مسئلہ پیدا ہو انہیں پی جے آر اور دتاتریہ کی یاد آتی ہے۔ تروپتی درشن اور ریلوے ریزرویشن کے لئے دتاتریہ سفارشی مکتوب جاری کرتے رہے۔ تقریب میں ریاست کے تقریباً تمام وزراء کی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ کابینہ کا اجلاس یہاں منعقد کرسکتے ہیں۔ مختلف ریاستوں کے گورنرس کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تقریب گورنرس کی پریڈ کی طرح ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ بنڈارو دتاتریہ کی زندگی مثالی ثابت ہوئی ہے۔ وہ تمام پارٹیوں میں یکساں طور پر قابل احترام ہیں اور ان کا کوئی دشمن نہیں ہے۔ طویل عوامی خدمات کو سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور سابق نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے بھی سراہا۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ منوہر شنڈے کے باعث آج وہ اس مقام پر ہیں۔ وی راما راؤ نے مجھے سیاست میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ دتاتریہ نے کہا کہ آر ایس ایس میری زندگی اور وقار ہے۔ سابق چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے بھی بنڈارو دتاتریہ کی عوامی خدمات کو سراہا۔ تقریب میں تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین شریک تھے جن میں ڈاکٹر کے کیشوراؤ اور وی ہنمنت راؤ بھی شامل ہیں۔ 1