میناب اسکول کے شہید بچوں کو خراج، اسپیکر باقر قالیباف نے تصویر شیئر کی

,

   

تہران، 11 اپریل ( یواین آئی) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے پاکستان کی پرواز کے دوران اپنی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کردی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے حالیہ سفر کے دوران میناب اسکول کے شہید بچوں کی تصاویر ٹوئٹ کرکے انہیں اپنا ہمسفر قرار دیا ہے ۔ اسپیکر نے عقیدت کے طور پر طیارے کی نشستوں پر ان شہید بچوں کی تصاویر چسپاں کیں اور ان کے اسکول بیگز بھی اپنے ساتھ سفر میں رکھے ۔ امن مذاکرات کیلئے اسلام آباد روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات اور جوہری معاہدے کے حوالے سے ایران کا موقف واضح کیا۔ محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اگر امریکہ ایرانی حقوق کو تسلیم کرتا ہے تو ہم کسی بھی معاہدے تک پہنچنے تیار ہیں، تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ امریکہ کوئی حقیقی ڈیل سامنے لائے ۔ ایرانی اسپیکر نے ماضی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ مذاکرات میں امریکہ کی جانب سے مسلسل وعدہ خلافیاں سامنے آئی ہیں، جس کی وجہ سے اعتماد کی فضا متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وفد اچھی امید اور مثبت جذبے کے ساتھ مذاکرات کیلئے آیا ہے اور اب گیند امریکہ کے کورٹ میں ہے کہ وہ اپنے رویے سے سنجیدگی کا ثبوت دے ۔ میناب اسکول پر حملے میں کم از کم 168 افراد شہید ہوئے ، جن میں زیادہ تر بچے تھے ۔