کولکاتا : کارپوریشن بھرتی گھوٹالہ کے معاملے میں سی بی آئی نے ریاستی وزیر سوجیت بوس کو 31اگست کو سی بی آئی کے دفتر میں طلب کیا ہے ۔حال ہی میں سی بی آئی نے سرکاری بھرتیوں میں بدعنوانی کی جانچ کے لئے کئی مقامات پر تلاشی لی تھی۔ دعویٰ کیا گیا تھاکہ کئی دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ تفتیشی ایجنسی کے مطابق سوجیت کو اسی دستاویز کی بنیاد پر طلب کیا گیا ہے ۔ 2016 میں سوجیت جنوبی دم دم میونسپلٹی کے ڈپٹی چیف تھے ۔ سی بی آئی کا ماننا ہے کہ اس وقت کارپوریشن کی تقرری میں بدعنوانی ہوئی تھی۔ انہیں پوچھ گچھ کے لیے 31 اگست کو صبح 11 بجے نظام پیلس میں طلب کیا گیا ہے ۔ ای ڈی نے 19 مارچ کو بھرتی معاملے میں آیان شیل کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی کے ذریعہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سالٹ لیک میں آیان کے دفتر کی تلاشی لینے پر ریاست کی متعدد میونسپلٹیوں میں مختلف عہدوں کے لئے ملازمت کے خواہشمندوں کی او ایم آر شیٹس (جوابی شیٹس) برآمد ہوئے ہیں۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران آیان نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس نے مختلف میونسپلٹیوں میں نوکری دلانے کے عوض مجموعی طور پر 200 کروڑ روپے لئے ہیں۔