میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل میں اہم پیشرفت، کنسلٹنٹ کے تقرر کا فیصلہ

   

ریونت ریڈی کی کشن ریڈی کے ہمراہ مرکزی وزراء سے ملاقات، میٹرو فیز II پر عمل آوری میں مرکز کا تعاون سے اتفاق

حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کی پیشرفت میں مرکز سے تعاون حاصل کرنے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو آج اہم کامیابی ملی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر شہری ترقی منوہر لال کھٹر اور وزیر ریلویز اشونی ویشنو سے مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران میٹرو ریل فیز I کے حصول اور توسیعی منصوبہ پر تبادلہ خیال ہوا۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزراء کو حیدرآباد میں ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر مرکز سے پراجکٹ کی منظوری حاصل کرنے کے لئے گزشتہ 2 دن سے نئی دہلی میں قیام کئے ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کشن ریڈی کے ہمراہ کل وزیر ریلویز اشونی ویشنو سے ملاقات کی تھی اور اِس موقع پر منوہر لال کھٹر سے دونوں وزراء کے ساتھ ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزراء نے میٹرو ریل توسیعی منصوبہ کے تمام درکار منظوریوں کو جاری کرنے کا تیقن دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرو فیز I کی مالیت طے کرنے اور فیز II کے لئے قرض حاصل کرنے مالیاتی اداروں کے تعین کے سلسلہ میں کنسلٹنٹ کا تقرر کیا جائے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ کنسلٹنٹ کے طور پر SBICAPS نامی ادارہ کی خدمات حاصل کی جائیں جو مکمل پراجکٹ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ کنسلٹنٹ کی رپورٹ کی بنیاد پر مرکزی اور ریاستی حکومت میٹرو پراجکٹ کے سلسلہ میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ کنسلٹنٹ کے کام میں تعاون کے لئے مرکز اور ریاست سے ایک سینئر عہدیدار کو نامزد کیا جائے گا تاکہ کنسلٹنٹ کو پراجکٹ کا تیزی سے جائزہ لینے میں مدد ملے۔ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے سکریٹری کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے نامزد کیا جائے گا۔ تینوں مرکزی وزراء اور چیف منسٹر کی یہ ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی جس میں ریلوے، فینانس کمیشن کے قرض کی اجرائی پر بھی بات چیت ہوئی۔ حکومت نے فیز I کو ایل اینڈ ٹی سے مکمل طور پر حاصل کرلیا ہے تاہم پراجکٹ کی مالیت طے کرنے کے لئے کنسلٹنٹ کی رپورٹ پر انحصار کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلہ کے پراجکٹ کی لاگت طے کرنے اور ضرورت پڑنے پر قرض حاصل کرنے کے سلسلہ میں کنسلٹنٹ مالیاتی اداروں کی نشاندہی کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کنسلٹنٹ کی رپورٹ جلد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹ کی بنیاد پر ہی میٹرو فیز II پر عمل آوری کا انحصار رہے گا۔ اِسی دوران چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل فیز I کے حصول اور فیز II کی توسیع کے معاملہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ اجلاس میں فیز I کی مالیت طے کرنے اور مالی وسائل کی فراہمی اور قرض کے سلسلہ میں اداروں کا انتخاب کنسلٹنٹ کی رپورٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ مؤثر نگرانی اور کنسلٹنٹ سے تعاون کے لئے سینئر عہدیداروں کا تقرر کیا جائے گا۔ حکومت نے حیدرآباد میٹرو کے مستقبل کے منصوبوں کو عملی شکل دینے اور توسیعی کاموں میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں اہم پیشرفت کا دعویٰ کیا ہے۔V/1