میٹرو کرایہ میں اضافہ کے خلاف کانگریس کارکنوں کا احتجاج

   

بنگلورو: بنگلورو میں کانگریس کارکنوں نے کرایوں میں حالیہ اضافے کے خلاف چہارشنبہ کو کئی میٹرو اسٹیشنوں پر احتجاج کیا اور کانگریس نے بی جے پی کی مرکزی حکومت پر میٹرو کے کرایوں میں “غیر سائنسی” طریقے سے اضافہ کرنے کا الزام لگایا۔مہیلا کانگریس کارکنوں نے بھی احتجاج میں حصہ لیا اور مارچ کرنے والوں میں گلاب کے پھول تقسیم کیے جو پرامن احتجاج کی علامت ہے ۔ کانگریس کارکنوں نے الزام لگایا کہ کرایہ پر نظرثانی مرکزی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر کی گئی تھی، لیکن کرناٹک میں بی جے پی لیڈروں کی طرف سے اس ذمہ داری کو ریاستی حکومت پر منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اس کے جواب میں کانگریس کارکنوں نے بڑے میٹرو اسٹیشنوں پر مظاہرے کئے ۔ یہ مظاہرہ بنگلورو سنٹرل، نارتھ، ساؤتھ، ایسٹ اور ویسٹ ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے صبح 10 بجے شروع ہوا۔ مظاہرین نے وزیر اعظم نریندر مودی کے چہرے والے ماسک پہن رکھے تھے اور کرایوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔کانگریس کارکنوں کے ایک اور گروپ نے میٹرو ٹرین میں سوار ہوتے ہوئے مظاہرہ کیا۔