میں پہلے ہی تمام جواب دے چکا: واڈرا

   

نئی دہلی: ہریانہ میں مبینہ طور پر زمین ہڑپنے کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی پوچھ گچھ کا سامنا کرنے والے تاجر رابرٹ واڈرا نے آج کہا کہ ای ڈی کے سوالات میں کوئی نئی بات نہیں ہے اور تمام سوالات کے جواب پہلے ہی دے دیے گئے ہیں۔ واڈرا آج مسلسل تیسرے دن ای ڈی حکام کے سامنے پیش ہوئے ۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ اور وایناڈ حلقے سے لوک سبھا کی رکن پرینکا گاندھی واڈرا بھی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ وہی سوالات ہیں جو سال 2019 میں مجھ سے پوچھے گئے تھے اور میں ان سب کے جواب دے چکا ہوں۔ اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ حکومت پر مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح حکومت ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اپنی مہم چلاتی ہے ، لیکن ہمارے پاس اسے برداشت کرنے کی طاقت ہے اور ہم مضبوطی سے کھڑے رہیں گے ۔