حیدرآباد ۔14 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پارٹی کے اقلیتی قائدین کے ہمراہ نئی دہلی میں بی آر ایس آفس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ انہوں نے درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ پر حاضری دی اور تلنگانہ کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس کو تلنگانہ سے ملک بھر میں وسعت دینے کیلئے بی آر ایس کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ آئندہ انتخابات میں ملک بھر میں بی آر ایس مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے اعلان سے ملک کی سیکولر سیاسی پارٹیاں اور سیکولر ذہن کے حامل افراد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ مرکزی حکومت کی تعصب پر مبنی پالیسیوں سے عوام ناراض ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ بی آر ایس کے ذریعہ مرکز میں بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ گزشتہ چند ماہ سے کے سی آر مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ 2014 ء میں مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس نے اقتدار سنبھالا۔ گزشتہ 8 برسوں میں تلنگانہ نے غیر معمولی ترقی کی ہے جبکہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں سے عوام کو نقصان ہوا۔ کے سی آر ملک کے واحد سیکولر قائد ہیں جنہوں نے تلنگانہ میں تمام طبقات کی ترقی کیلئے اقدامات کئے۔ وزیر داخلہ کے ہمراہ صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن امتیاز اسحق ، اعظم علی خرم ، محمد جہانگیر ، صوفی سلطان شطاری ، سید منیر الدین ، عارف الدین ، بدرالدین ، ارشد علی خاں ، شریف الدین ، ستار گلشنی، عبدالباسط ، مسیح الدین قریشی ، عبداللطیف شرفن اور دوسرے موجود تھے۔ بارگاہِ نظام الدین اولیاء میں کے سی آر اوران کے افراد خاندان کی درازی عمر اور تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ر