نئے سال میں تلنگانہ کابینہ کا 4 جنوری کو پہلا اجلاس

   

کئی اہم فیصلوں کا امکان، نئے راشن کارڈز، اندرماں انڈلو، ریتو بھروسہ و سیاحتی پالیسی پر غور، سنکرانتی سے نئی اسکیمات
حیدرآباد۔/31 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 4 جنوری کو منعقد ہوگا جس میں حکومت کی نئی اسکیمات کے سلسلہ میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں سہ پہر 4 بجے سال 2025 کا یہ پہلا کابینی اجلاس رہے گا جس میں نئے راشن کارڈز کی اجرائی، ریتو بھروسہ ، اندراماں انڈلو، بھوبھارتی اور دیگر اسکیمات پر عمل آوری کے رہنمایانہ خطوط پر مباحث کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نئے سال میں مستحق خاندانوں کیلئے نئے راشن کارڈز جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ ریتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کی امدادی رقومات جاری کی جائیں گی۔ مستحق کسانوں کے انتخاب کیلئے عہدیداروں میں رہنمایانہ خطوط کا تعین کیا ہے جس پر کابینہ میں غور ہوگا۔ مجالس مقامی میں بی سی تحفظات کے مسئلہ پر قائم کردہ ڈیڈیکیٹیڈ ( خصوصی ) کمیشن کی رپورٹ کا بھی کابینہ میں جائزہ لیا جائے گا۔ ایس سی طبقات کی زمرہ بندی اور بے زمین زرعی مزدوروں کیلئے سالانہ 12 ہزار روپئے کی امدادی اسکیم کے آغاز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ریتو بھروسہ، بھوبھارتی اور اندرماں انڈلو اسکیمات پر اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں مباحث ہوئے ہیں۔ حکومت تینوں اسکیمات پر شفافیت سے عمل آوری کی خواہاں ہے۔ سنکرانتی کے موقع پر نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا آغاز کیا جاسکتا ہے تاکہ غریب اور مستحق خاندانوں میں تہوار کے تحفہ کے طور پر پیش کیا جاسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی قیادت میں حال ہی میں کابینی سب کمیٹی نے نئے راشن کارڈز کی اجرائی، بھوبھارتی اور زرعی مزدوروں کی امدادی اسکیمات کے رہنمایانہ خطوط طئے کئے تھے۔ کابینی سب کمیٹی کی سفارشات کا کابینہ کے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت سنکرانتی تہوار کے موقع پر نئے سال کی مناسبت سے بعض اسکیمات کا آغاز کرسکتی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلہ میں درکار بجٹ اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ سال 2024 میں حکومت کی کارکردگی بھی اجلاس میں موضوع بحث رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست کیلئے نئی سیاحتی پالیسی پر بھی کابینہ غور کرے گی۔ عہدیداروں نے نئی سیاحتی پالیسی تیار کی ہے جسے کابینہ کی منظوری درکار ہے۔ اندراماں انڈلو اسکیم کے استفادہ کنندگان کیلئے رقم کی اجرائی یا تعمیری اشیاء کی فراہمی کے مسئلہ کا کابینہ میں جائزہ لیا جائے گا۔ استفادہ کنندگان کو رعایتی شرح پر ریت ، سمنٹ اور اسٹیل کی سربراہی کی تجویز زیر غور ہے۔ یادگیر گٹہ مندر کو تروملا تروپتی دیواستھانم کی طرز پر ترقی دینے کے منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ حکومت یادگیر گٹہ مندر کیلئے 20 رکنی کمیٹی کی تشکیل کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اسمبلی اور کونسل میں سیاحتی پالیسی پر مباحث کے دوران ارکان کی جانب سے دی گئی تجاویز اور مشوروں کا جائزہ لیتے ہوئے نئی پالیسی کو قطعیت دی جائے گی۔1