جموں: فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دویدی نے چہارشنبہ کے روز یہاں لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی صورتحال اور فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس دوران فوج کی شمالی کمان کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل سچھندرا کمار اور جموں نشین وائٹ نائٹ کمان کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا بھی ان کے ہمراہ تھے ۔30 جون کو ملک کے 30 ویں فوجی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورۂ جموں و کشمیر ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ موصوف فوجی سربراہ چہارشنبہ کی صبح جموں پہنچے اور سیدھے سرحدی ضلع پونچھ روانہ ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ فارورڈ علاقوں کا فضائی جائزہ لینے سے قبل انہوں نے پونچھ میں فیلڈ کمانڈروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ان کا کہنا تھا کہ فوجی سربراہ نے جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور آپریشنل تیاریوں اور سرحدی علاقے میں سیکورٹی ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا۔