حیدرآباد : تلنگانہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کے انتخاب کے سلسلہ میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی 9 ڈسمبر کو حیدرآباد پہونچ رہے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اپنی آمد کے فوری بعد مانکیم ٹیگور کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سینئر قائدین سے تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے پس منظر میں موزوں شخصیت کے بارے میں رائے حاصل کی جائے گی جنھیں پارٹی کی کمان سونپی جاسکے۔ سابق صدور پردیش کانگریس، سابق اپوزیشن لیڈرس اور ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی سے رائے حاصل کی جائے گی۔ مشاورت کا یہ سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہے گا۔ دوسرے دن 10 ڈسمبر کو مانکیم ٹیگور پردیش کانگریس کے نائب صدور، جنرل سکریٹریز اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ اے آئی سی سی ارکان سے ملاقات کریں گے۔ پارٹی کے سینئر قائدین سے مانکیم ٹیگور اُن کی قیامگاہوں پر پہونچ کر ملاقات کرسکتے ہیں۔ پروگرام کے مطابق 11 ڈسمبر کو وہ ہائی کمان کو اپنی رپورٹ پیش کردیں گے جس میں پردیش کانگریس کی صدارت کے لئے بعض ناموں کی سفارش کی جائے گی۔ توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ کانگریس کے نئے ریاستی صدر کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔