نائیجیریا میں کشتی پلٹنے سے 41 ہلاک

   

ابوجا: نائیجیریا کی شمال مغربی ریاست زامفارا میں ہفتے کے روز ایک کشتی پلٹنے سے کم از کم 41 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ12 کو بچا لیا گیا۔ مقامی حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ قومی قانون ساز سلیمان گمی نے اتوار کو میڈیا کو بتایا کہ 50سے زائد مسافروں اور عملے کو لے جانے والی کشتی ہفتے کے روز ساحل سے نکلنے کے فوراً بعد زمفارا میں گمی کے قریب پلٹ گئی۔ گمی نے کہا کہ زیادہ تر مسافر کسان تھے جو روزانہ کشتی کے ذریعہ پڑوسی برادریوں میں اپنے کھیتوں تک جاتے تھے۔
مقامی حکام نے فوری طور پر غوطہ خوروں اور اہلکاروں کو جائے حادثہ پر تعینات کر دیا۔ جنہوں نے کم از کم 12 افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے زمفارا اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے سربراہ حسن دورا نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔مغربی افریقی ملک میں کشتیوں کے حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ ایسے واقعات اوور لوڈنگ، خراب موسمی حالات اور آپریشنل غلطیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔