ناگرکرنول۔11 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر صحت و طبابت دامودر را جہ نرسمہا نے کہا کہ دور دراز اور دیہی علاقوں کے عوام کو ہنگامی حالات میں فوری طبی سہولیات فراہم کرنے اور قیمتی جانوں کو بچانے کے لیے ریاست بھر میں کریٹیکل کیئر سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ جمعہ کے روز ضلع ناگرکرنول کے میڈیکل کالج احاطہ میں 23 کروڑ 75 لاکھ روپئے کی لاگت سے 50 بستروں پر مشتمل جدید کریٹیکل کیئر بلاک (ایمرجنسی یونٹ) کا افتتاح کیا گیا۔ اسی طرح تعلقہ تلکاپلی میں 1 کروڑ 59 لاکھ روپئے کی لاگت سے تعمیر شدہ پرائمری ہیلتھ سینٹر کا بھی افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداران، ضلع کلکٹر، ایس پی، مقامی اراکین اسمبلی اور دیگر افسران موجود تھے۔ وزیر صحت نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب دیہی علاقوں کے عوام کو حادثات، دل کے دورے یا دیگر ہنگامی بیماریوں کے وقت حیدرآباد جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ مقامی سطح پر ہی جدید ایمرجنسی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیر نے میڈیکل طلبہ کے ساتھ ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سن کر جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ طلبہ نے تعلیمی سہولیات، ہاسٹل، اسٹائپنڈ اور تربیت سے متعلق مسائل پیش کیے جن پر حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر راجیش ریڈی نے کہا کہ ضلع اسپتال کو 550 بستروں تک وسعت دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ اس تقریب میں بلدیاتی نمائندے، طبی افسران، طلبہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔