ناگول میں زیورات کی دوکان میں فائرنگ ۔ دو افراد زخمی

   

حملہ آور قیمتی زیورات لے کر فرار ۔ شمالی ہند کی ریاستوں کی ٹولیوں پر شبہ
حیدرآباد۔یکم؍ ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ ناگول میں فائرنگ کرکے زیورات کی دوکان کو لوٹ لیا گیا۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک دوکان کا مالک بتایا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کی بھاری جمعیت ناگول پہنچ گئی اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ بتایا گیا کہ آج رات ناگول اسنیہا پوری کالونی میں مہادیو جویلرس میں دو نامعلوم افراد داخل ہوئے اور بندوق کی نوک پر دوکان لوٹنے کی کوشش کی۔ لٹیروں نے فائرنگ کردی جس میں دو افراد زخمی ہوگئے اور حملہ آور قیمتی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اطلاع کے بعد بھاری پولیس جمعیت اور کلوز ٹیم کو طلب کرلیا گیا۔ پولیس نے مقام واردات سے 2 کارتوس برآمد کرلئے ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں دیسی ساختہ بندوق استعمال کیا گیا اور نامعلوم ڈاکوؤں کا تعلق بیرونی ریاستوں سے ہوسکتا ہے ۔ فائرنگ میں دوکان کا مالک کلیان اور ایک ملازم زخمی ہوگیا۔ ان کا خانگی ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ پولیس نے دوکان اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا فوٹیج حاصل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ بتایا گیا کہ فائرنگ کرنے والوں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لٹیروں کا تعلق اُترپردیش، راجستھان یا ہریانہ سے ہوسکتا ہے۔ پولیس نے لٹیروں کی تلاش کیلئے شہر سے باہر جانے والے تمام راستوں پر چوکسی بڑھا دی اور ہر مشتبہ شخص کی تلاشی لی جا رہی ہے ۔ چیتنیہ پوری پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع