چینائی 5 مئی ( ایجنسیز ) اداکار سے سیاستدان بنے وجئے نے ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد کہا کہ ان کی پارٹی کو انتخابی مہم کے دوران مذاق کا موضوع بنایا گیا اور ہتک کی گئی تھی تاہم ان کی پارٹی بے خوف انتخابی میدان میں ڈٹی رہی تاکہ ریاست کے عوام کا قرض چکایا جاسکے ۔ ٹی وی کے پارٹی کے سربراہ یاد دہانی کروائی کہ ریاست کے عوام نے کرشماتی انتخاب ہونے کی پیش قیاسی کی تھی جس کے ذیرعہ سارے ہندوستانی سیاسی منظر نامہ میں زلزلہ آجائے گا اور یہ پیش قیاسی ہر طرح سے درست ثابت ہوئی ہے ۔ پہلی بار اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرتے ہوئے 51 سالہ اسٹار کی دو سال پرانی پارٹی نے ڈی ایم کے اور انا ڈی ایم کے کو حیرت انگیز شکست دیتے ہوئے ٹاملناڈو میں 108 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ وہ حصول اکثریت سے 10 نشستیں پیچھے رہ گئی ہے ۔
وجئے نے کانگریس سے مدد طلب کی ہے ۔ وینوگوپال
نئی دہلی 5 مئی ( ایجنسیز ) ٹاملناڈو میں ٹی وی کے پارٹی کے سربراہ وجئے نے ریاست میں نئی حکومت تشکیل دینے کانگریس سے مدد کی اپیل کی ہے ۔ کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے یہ بات بتائی ۔ ٹاملناڈو کانگریس کمیٹی کا ایک اجلاس چہارشنبہ کو صبح چینائی میں منعقد ہوگا جس میں وجئے کی تائید کرنے کے تعلق سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ مسٹر وینو گوپال نے کہا کہ پارٹی نہیں چاہتی کہ ریاست میں بی جے پی حکومت تشکیل پائے یا بی جے پی کو حصہ داری ملے کیونکہ عوام کا فیصلہ سکیولر حکومت کے حق میں ہے ۔ علیحدہ طور پر ذرائع نے بتایا کہ کانگریس امکان ہے کہ ٹی وی کے حکومت کی تائید کرے گی اور پارٹی کی مرکزی قیادت نے ریاستی یونٹ کو اس معاملہ میں آزادانہ فیصلہ کرنے کا مکمل اختیار دیا ہے ۔ دیگر جماعتیں بھی ہوسکتا ہے کہ نئی حکومت کا حصہ بن سکتی ہیں ۔ وجئے جلد ہی گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے تشکیل حکومت کا ادعا پیش کریں گے ۔