نتن یاہو حکومت ہرمحاذ پر ناکام : سابق عہدیدار

   

یروشلم : اسرائیل کے ایک سابق سیکوریٹی عہدیدار نے بنجمن نتن یاھو کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکامیوں سے بھرپور ہیں۔ قومی سلامتی کونسل کے سابق سربراہ ایال خولتا نے زور دے کر کہا کہ پہلی ناکامی نتن یاہو حکومت کی مسجد اقصیٰ کی صورت حال کا جائزہ لینے میں ناکامی تھی، کیونکہ اس کے واقعات سے نمٹنے میں اسٹریٹجک سوچ کی کمی کا غلبہ تھا۔ یدیعوت احرونوت اخبار کی طرف سے شائع ہونے والے ایک مضمون میں خولتا نے لکھا ہے کہ حکومت صحیح تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے عملی، سیاسی اور میڈیا سطح پر مسجد اقصی محاذ آرائی سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ دوسری ناکامی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی سے راکٹ فائر سے نمٹنے میں کمزوری تھی۔تیسری ناکامی کی نمائندگی مغربی کنارے اور مقبوضہ اندرونی علاقوں میں مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ سے کی گئی، جہاں نتن یاہو کے اقتدار کے پہلے 100 دنوں میں ان کے حجم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔