چیف منسٹر بہار نے پرگتی یاترا کے تحت دربھنگہ میں کئی اسکیمات کا افتتاح بھی کیا
دربھنگہ : بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے پرگتی یاترا کے حصہ کے طور پر دربھنگہ پہنچ کرتقریباً 2 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی 180 اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ پرگتی یاترا کے دوران، کمار ہفتہ کو بڑے شیلٹر ہوم، بھراٹی کے احاطے میں پہنچے ۔ بڑے شیلٹر ہوم اور کستوربا گاندھی ریزیڈنشیل اسکول کا افتتاح کرنے کے بعد جیویکا دیدیوں اور ٹولہ سیوکوں سے ملاقات کی۔ یاترا کے دوران وزیر اعلیٰ کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ سمرت چودھری، ضلع انچارج وزیر منگل پانڈے ، سماجی بہبود کے وزیر مدن ساہنی، وزیر وجے چودھری، جنتا دل یونائیٹڈ کے ایگزیکٹو صدر سنجے جھا اور کئی دیگر وزراء اور لیڈران تھے ۔ اس موقع پر این ڈی اے کے کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے پروگرام کو دیکھنے آئے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں ضلع کے ترقیاتی کاموں کیلئے 2000 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم ملی ہے اور اس کیلئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ کا قافلہ شیلٹر ہوم کے بعد سمری کے چندسر تالاب پہنچ کر فش مارکیٹنگ کیٹ اور ماہی گیر کوآپریٹو سوسائٹی کے ممبران سے ملاقات کی اور پنچایت گورنمنٹ بلڈنگ کمپلیکس میں سات نشچے سے متعلق مختلف اسکیموں کا مشاہدہ اورمعائنہ کیا۔ انہوں نے مڈل اسکول سمری میں واقع کے جی بی وی عمارت کا افتتاح کیا اور نیوٹریشن گارڈن کا معائنہ کیا۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ نے سمری ہائی اسکول کے احاطے میں محکمہ جاتی اسکیموں کا ریموٹ کے ذریعے سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کے بعد محکموں کے اسٹالوں کا معائنہ کیا اور جیویکا دیدی، ٹولہ سیوک، وکاس مترا وغیرہ سے ملاقات کی اور ان کے کام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دربھنگہ کے دہلی موڑ پر واقع بس اسٹینڈ کو بین الاقوامی اور بین ریاستی بس اسٹاپ کے طور پر تیار کرنے کی تجویز کا معائنہ کرنے کے بعد انہوں نے کئی ہدایات دیں۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ کا قافلہ دربھنگہ کے شاہی خاندان کے ذریعہ بنائے گئے ہراہی تالاب کے خوبصورتی کے کام کا معائنہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر میں ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات کیلئے انہوں نے ڈونار چوک پر دو منٹ رک کر علاقے کا مشاہدہ کیا اور کرپوری چوک پر ٹریفک جام کے مسئلے کیلئے ڈیزائن کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس کے بعد ایس ایس پی دفتر کی نئی عمارت کا افتتاح کیا اور ضلع سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کیا اور پھر دربھنگہ سے روانہ ہوگئے ۔