نریندر مودی کو طویل عرصے تک منتخب وزیراعظم رہنے کا اعزاز

,

   

نئی دہلی، 10 جون (یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے چہارشنبہ 10 جون کو آزادہندستان کے مسلسل سب سے طویل عرصے تک منتخب وزیراعظم رہنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ مودی نے 26 مئی 2014 کو پہلی بار وزیراعظم کے طور پر حلف لیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل ملک کے منتخب وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مسلسل منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے منگل کو ان کی مدتِ کار کے 4398 دن مکمل ہو گئے ۔ یہ پنڈت نہرو کی منتخب وزیراعظم کے طور پر 4398 دن کی مدتِ کار کے برابر ہیں۔ پنڈت نہرو 13 مئی 1952 سے 27 مئی 1964 تک وزیراعظم رہے تھے ۔ البتہ وہ آزادی کے بعد 15 اگست 1947 کو ہندستان کے پہلے وزیراعظم بنے تھے ، لیکن اس وقت وہ منتخب نہیں بلکہ عبوری حکومت کے وزیراعظم تھے ۔اس سے قبل مودی سابق وزیراعظم اندراگاندھی کے مسلسل منتخب وزیراعظم کے طور پر 4077 دن کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ اندرا گاندھی 24 جنوری 1966 سے 24 مارچ 1977 تک مسلسل وزیراعظم رہیں، اگرچہ بعد میں 1980 میں بھی وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔ مودی وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم کی حیثیت سے مجموعی طور پر 9000 سے بھی زائد دن خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے تیسری مسلسل مدت کے لیے 9 جون 2024 کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا تھا۔