ظہیرآباد میں تہنیتی تقریب سے نو منتخب آئی اے ایس محمد حارث کا خطاب
ظہیرآباد۔آل انڈیا سیول سرویسس میں 270 واں رینک حاصل کرکے آئی اے ایس منتخب ہونے والے نوجوان محمد حارث سمیر نے شاہین یونائٹیڈ اسکول میں ان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب کے شرکاء سے کہا کہ زندگی میں کامیابی و کامرانی کے لئے نظم و ضبط ، وقت کی پابندی اور کڑی محنت کی شدید ضرورت ہوتی ہے اور یہ کہ انسان کو ناکامیوں سے گھبرانا نہیں چاہیئے بلکہ ان سے سیکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سیول سرویسس کے لئے بیس بیس گھنٹے پڑھائی کرنا لازمی نہیں ہے بلکہ صرف آٹھ گھنٹے پڑھ کر بھی اپنے ہدف کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مگر شرط یہ ہے کہ تعلیم میں مقدار کا نہیں معیار کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حصول تعلیم کے دوران کھیل کود بھی ضروری ہے تاکہ ذہنی تربیت کے ساتھ ساتھ جسمانی نشوونما بھی ہو۔ نو منتخب آئی اے ایس نوجوان نے والدین و سرپرستوں سے کہا کہ وہ بچوں کی امتیازی کامیابی کو نہ دیکھیں بلکہ ان کے معیار تعلیم پر توجہ مرکوز کریں۔ ہر طالب علم کے لئے یہ لازمی ہے کہ وہ اپنے احساس کمتری کے خول سے باہر نکل آئے۔ چھوٹے چھوٹے شکوک کا بھی اپنے اساتذہ سے تدارک کروالیں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنے والدین اور بزرگوں کی دعائیں ہمیشہ لیں کیونکہ کامیابی کیلئے محنت کے ساتھ ساتھ دعاؤں کا بھی دخل ہوتا ہے۔ حاجی عبدالمنان سیٹھ بیدر اور سید زبیر قادری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اقبال غازی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر سیاسی، مذہبی و ملی قائدین کے علاوہ اساتذہ، طلباء و طالبات اور اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔