کورونا کی نئی لہر کے اندیشوں سے بھی شبہات کو تقویت ۔ افتتاح کی صورت میں سخت شرائط کا لزوم بھی ممکن
حیدرآباد۔25۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ’ نمائش‘ کے آغاز کیلئے بے چین شہریوں و تاجرین کو ایک بار پھر مایوسی کے خدشات پیدا ہونے لگے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ نمائش سوسائٹی کی جانب سے مختلف محکمہ جات کی جانب سے اجازت ناموں کے حصول میں اب تک ناکامی کے علاوہ کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے نئی پابندیوں کے سبب مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے اور نمائش کا اگر آغاز ہو بھی جاتا ہے تو ماسک کے لزوم ‘سماجی فاصلہ کی سے نمائش میں اسٹالس حاصل کرنے والے تاجرین بھی تشویش کا شکار ہونے لگے ہیں۔ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ پر سخت پابندیوں کا نفاذ عمل میں لایا جاسکتا ہے۔ نمائش سوسائٹی سے اجازت ناموں کے عدم حصول سے نمائش کے آغاز پر شبہات کا اظہار کیا جا رہا تھا لیکن اب جبکہ کورونا کی نئی لہر کے خدشات اور حکومت کی تیاریوں کے علاوہ مختلف ریاستوں میں ماسک کے لزوم کے علاوہ وائرس سے محفوظ رہنے اقدامات کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ یکم جنوری 2023 کو شروع ہونے والی نمائش کو اگر اجازت نامہ حاصل ہوتے بھی ہیں تو کورونا کی تحدیدات عائد کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ جس طرح سے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے روزانہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے جا رہے ہیں ان کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ کے دوران مزید سخت شرائط عائد کئے جا سکتے ہیں۔ ریاستی محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ریاست کے تمام اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد کا جائزہ لیا جا رہاہے اور اگر ان میں اضافہ ہوتا ہے تو تلنگانہ میں بھی ماسک کے لزوم کے علاوہ پرہجوم مقامات کیلئے نئے شرائط عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ نمائش کے انعقاد کے متعلق محکمہ صحت کے عہدیداروں سے دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کو اب تک نمائش کے سلسلہ میں کوئی واضح اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں اور اگر نمائش کے انعقاد کیلئے محکمہ صحت سے اجازت طلب کی جاتی ہے یا محکمہ صحت کو اس بات کی توثیق ہوتی ہے کہ نمائش کے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے تو مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے کورونا سے محفوظ رہنے کے اقدامات کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے اور انتظامیہ کو ان قواعد پر عمل آوری کا پابند بنایا جائے گا۔م