نو منتخب کارپوریٹرس کو خدمات کیلئے 10 فروری تک انتظار

   

موجودہ اور نئے کارپوریٹرس میں تنازعات، عہدیداروں کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد: جی ایچ ایم سی کے نو منتخب کارپوریٹرس کو اختیارات کے حصول کیلئے 10 فروری تک انتظار کرنا ہوگا۔ قواعد کے مطابق کارپوریٹرس کے حلف لینے کے بعد ان کے اختیارات کا آغاز ہوتا ہے اور وہ سرکاری طور پر فرائض کی انجام دہی کرسکتے ہیں۔ اب جبکہ موجودہ کارپوریشن کی میعاد 10 فروری تک ہے، بلدی انتخابات دو ماہ قبل منعقد ہوئے۔ لہذا ایسے کارپوریٹرس جو پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ، انہیں عوامی خدمات کے آغاز کیلئے انتظار کرنا ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق کارپوریٹرس کی حیثیت سے حلف برداری تک سرکاری کام کاج میں مداخلت نہیں کی جاسکتی اور نہ کارپوریٹر لیٹر پیاڈ پر نمائندگی کی جاسکتی ہے۔ کارپوریشن کے پہلے اجلاس میں تمام کو کارپوریٹر کا حلف دلایا جائے گا جس کے بعد سے وہ باقاعدہ عوامی خدمات کا آغاز کرسکتے ہیں۔ انتخابات میں تقریباً 60 ایسے کارپوریٹرس ہیں جو پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔ دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے کارپوریٹرس اپنی خدمات کو بدستور جاری رکھ سکتے ہیں کیونکہ ان کی موجودہ میعاد 10 فروری تک برقرار ہے جس کے بعد وہ دوبارہ حلف لے کر نئی میعاد کا آغاز کریں گے ۔ ٹی آر ایس نے 99 موجودہ کارپوریٹرس میں سے محض 21 کو تبدیل کرتے ہوئے 78 کو دوبارہ ٹکٹ دیا تھا جن میں سے صرف 44 کامیاب ہوئے۔ بی جے پی کے تمام 48 کارپوریٹرس پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔ مجلس نے بھی تقریبا 8 کارپوریٹرس کو تبدیل کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایسے کارپوریٹرس جو پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ، وہ اپنے علاقوں میں عہدیداروں سے رجوع ہوکر عوامی مسائل پر نمائندگی کر رہے ہیں۔ بعض نے تو سرکاری اداروں کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔ ایسے میں موجودہ کارپوریٹرس کو نئے کارپوریٹرس کی سرگرمیوں پر اعتراض ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عہدہ کا حلف لئے بغیر کس طرح سرکاری کام کاج میں مداخلت کرسکتے ہیں ۔ عہدیداروں کو بیک وقت موجودہ اور نئے کارپوریٹرس سے نمٹنے میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ایسے علاقے جہاں موجودہ کارپوریٹرس برقرار ہیں، وہاں بی جے پی کے نو منتخب کارپوریٹرس نے اپنی سرگرمیوں کے ذریعہ مسائل میں اضافہ کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نو منتخب کارپوریٹرس اپنے حلقوں میں جاریہ ترقیاتی کاموں میں تبدیلی کیلئے عہدیداروں پر دباؤ بنارہے ہیں۔ بعض ترقیاتی کاموں کو موخر کرنے کی سفارش کر رہے ہیں تاکہ فروری میں ان کے ہاتھوں افتتاح انجام دیا جاسکے۔ قواعدکے مطابق حالیہ انتخابات میں منتخب ہونے والے کارپوریٹرس کو کارپوریٹر (الیکٹ) کہا جائے گا کیونکہ انہوں نے ابھی تک حلف نہیں لیا ہے ۔ حلف برداری کیلئے موجودہ کارپوریشن کی میعاد کی تکمیل تک انتظار کرنا ہوگا۔