پولیس ویمن سیفٹی ونگ کی تقریب، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔/11 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے نوجوانوں میں اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کے زیادہ استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کے غلط استعمال سے نسلوں کے تباہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ وزیر داخلہ نے سائبر ایمبسیڈر پلیٹ فارم تقریب سے رویندرا بھارتی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی چیز کا استعمال اگر اچھائی کیلئے کیا جائے تو اس سے کافی فائدہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نسل کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنے فون میں انٹرنیٹ کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو تاریک کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کے غلط استعمال سے ازدواجی رشتوں میں دراڑ پیدا ہورہی ہے۔ پولیس کے ویمن سیفٹی ونگ نے فون اور انٹرنیٹ کے غلط استعمال سے نوجوان نسل کو روکنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا وباء لاک ڈاون کے دوران انٹرنیٹ کا بہت زیادہ استعمال کیا گیا اس معاملہ میں بچے، بڑے، مرد و خواتین سب شامل ہیں اور وہ آج انٹر نیٹ کے عادی بن چکے ہیں۔ ویمن سیفٹی ونگ نے تلنگانہ کے شہریوں بالخصوص خواتین میں سائبر برائیوں کے خطرات کا پتہ چلانے کیلئے سروے کا اہتمام کیا۔ سروے میں پتہ چلا کہ عوام انٹرنیٹ کے خطرات سے باشعور نہیں ہیں۔ تلنگانہ پولیس شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور خاص طور پر طلبہ کو انٹر نیٹ کے نقصانات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ظاہر کی۔ ویمن سیفٹی ونگ نے 2020 اور 2021 میں سائبر خطرات کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر مہم چلائی۔ سیفٹی ونگ نے تیسرے مرحلہ کا پراجکٹ شروع کیا ہے جس کے تحت 2381 اسکولوں کے 9424 سائبر ایمبسیڈرس کو ٹریننگ دی جائے گی۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی، ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ویمن سیفٹی ونگ شیکھا گوئل اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ر