اکاپلکو (میکسیکو)، 23 فروری ۔ ڈینیل میدویدیف نے نمبر ون درجہ بندیکا اپنا تعاقب جاری رکھتے ہوئے میکسیکو اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں بینوئٹ پیرے کو 6-3، 6-4 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں داخلہ لیا۔اگر 26 سالہ روسی کھلاڑی یہاں خطاب جیتنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ نوواک جوکووچ کی جگہ لیں گے اور پہلے مقام پر فائز ہوجائیں گے۔پچھلے سال کے یو ایس اوپن کے فاتح اور اس سال کے آسٹریلین اوپن کے رنر اپ میدویدیف پہلی بار میکسیکو میں کھیل رہے ہیں۔اگر میدویدیف ٹورنمنٹ جیت جاتے ہیں یا فائنل میں پہنچ جاتے ہیں اور جوکووچ دبئی میں جیتنے میں ناکام رہتے ہیں تو وہ 2004 کے بعد سے نمبر ایک تک پہنچنے والے پانچویں کھلاڑی بن جائیں گے۔ پچھلے 18 سالوں میں صرف جوکووچ، راجر فیڈرر، رافیل نڈال اور اینڈی مرے ہی ٹاپ پر پہنچے ہیں۔میکسیکو میں میدویدیف کے لیے بڑا چیلنج نڈال ہوں گے جنہوں نے ڈینس کڈلا کے خلاف 6-3، 6-2 سے فتح کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔