نئے ارکان کی بھی نامزدگی عمل میں لائی گئی ۔ وزیر اعظم مودی نے پیش کی مبارکباد
نئی دہلی، 25 اپریل (یو این آئی) حکومت نے نیتی آیوگ کی تشکیل نو کی ہے اور سابق اقتصادی مشیر ڈاکٹر اشوک کمار لاہڑی کو اس اعلیٰ مشاورتی ادارے کا نائب صدر نشین مقرر کیا ہے ۔ وزیر اعظم اس ادارہ کے بہ اعتبار عہدہ صدر نشین ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ادارے کی تشکیل نو پر نئے نائب صدر نشین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہاکہ نیتی آیوگ ہندوستان کے پالیسی سازی کے ڈھانچے کا اہم ستون بن کر ابھرا ہے ، جو تعاون پر مبنی وفاقیت کو فروغ دینے ، اصلاحات کو آگے بڑھانے اور زندگی کی آسانی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ یہ مختلف شعبوں میں اختراع اور طویل مدتی اسٹریٹجک سوچ کیلئے متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے ۔ مودی نے کہا کہ حکومت نے نیتی آیوگ کی تشکیل نو کی ہے ۔ مسٹر اشوک کمار لاہڑی جی کو نائب صدر نشین بننے پر دلی مبارکباد ۔ راجیو گوبا جی، پروفیسر کے وی راجو جی، پروفیسر گوبردھن داس جی، پروفیسر ابھے کرندیکر جی اور ڈاکٹر ایم سری نواس جی کو نیتی آیوگ کے کل وقتی رکن بننے پر دلی مبارکباد۔ ان تمام کو ان کی کامیاب اور بااثر مدت کار کیلئے نیک خواہشات۔ڈاکٹر لاہڑی نیتی آیوگ نائب صدر نشین کے عہدے پر معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سمن بیری کی جگہ لے رہے ہیں جو 2 مئی 2021 سے اس پر فائز تھے ۔ وہ 15ویں مالیاتی کمیشن کے رکن بھی ہیں۔ ڈاکٹر لاہڑی 2002 سے 2004 تک واجپائی حکومت میں اور 2004 سے 2007 تک منموہن حکومت کے دور میں چیف اقتصادی مشیر رہ چکے ہیں۔ انہیں سرکاری اور خانگی شعبے میں کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے اور وہ ایشیائی ترقیاتی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک میں بھی کام کر چکے ہیں۔ ہندوستان کے معاشی مستقبل کو سنوارنے میں ان کا تجربہ انتہائی اہم ثابت ہوگا۔