ایودھیا : ٹوکیو اولمپکس میں بالا پھینک مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر دنیا میں ہندوستان کا مرتبہ بلند کرنے والے کھلاڑی نیرج چوپڑا کا تعلق ایودھیا سے بھی رہا ہے اور بھگوان شری رام کے شہرایودھیا کے سنتوں اور مذہبی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد دی۔ ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر ملک کا مرتبہ بلند کرنے والے ہریانہ کے نیرج چوپڑہ کاایودھیا سے بھی تعلق رہا ہے ۔ انہوں نے 2015 میں ایودھیا تحصیل کے کمار گنج علاقہ کے رام نیواس سنگھ کالج میں بے اے سال اول میں داخلہ لیا تھا، لیکن فوج میں بھرتی ہونے کی وجہ سے نیرج چوپڑا امتحان نہیں دے سکے تھے ۔ کالج کے منیجر منیش سنگھ نے بتایا کہ سال 2015 میں کبڈی انڈیا کیمپ کے تین چار کھلاڑی اس کے ساتھ یہاں پڑھ رہے تھے ۔ان کے ذریعے نیرج نے ان کے کالج میں بی اے سال اول میں داخلہ لیاتھا ۔ ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخی کامیابی پر ایودھیا کے سنتوں اور مذہبی رہنماؤوں میں خوشی کی لہر ہے ۔ سنتوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں نے نیرج کی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی ہے ۔ ہنومان گڑھی کے سنت راجو داس نے کہا کہ نیرج نے پوری دنیا میں ہندوستان کا نام روشن کیا ہے اور ہمیں ان پر فخر ہے ۔ ان کی جیت ہمارے کھلاڑیوں کو ہمیشہ تحریک دیتی رہے گی۔