نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے دفتر پر ریجنل رنگ روڈ متاثرین کا دھرنا

   

حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز میں ریجنل رنگ روڈ کے متاثرین نے روڈ نمبر 2 پر واقع نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے ریجنل آفس کے روبرو دھرنا منظم کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے لئے جو اراضیات حاصل کی جارہی ہیں اُن کا معاوضہ کم دیا جارہا ہے۔ متاثرین کا تعلق چوٹ اوپل، بھونگیر اور گجویل کے علاقوں سے ہے اور اُن میں زیادہ تر کسان ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اراضی کی مارکٹ ویلیو فی ایکر 5 کروڑ سے زائد ہے لیکن حکومت صرف 20 لاکھ روپئے ادا کررہی ہے۔ متاثرین نے مارکٹ قیمت کے مطابق معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 3 برسوں سے مناسب معاوضہ کے لئے وہ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ حکام نے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے لئے کئی علاقوں میں اراضی کے حصول کا کام شروع کیا ہے اور 20 لاکھ روپئے فی ایکر معاوضہ کا پیشکش کیا گیا۔ 1