آکلینڈ، 4 نومبر (یواین آئی) اسٹارکرکٹر وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ونڈے میں 74 رنز کی شاندار اننگزکھیل کر اپنے کریئر میں ایک اور اہم سنگ میل حاصل کرلیا۔ انہوں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرسکی فہرست میں سچن تندولکرکو پیچھے چھوڑ دیا اور رکی پونٹنگ کی برابری کرلی۔ بارش سے متاثرہ مقابلے میں کوہلی کی اننگز محض رنز تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ50 اوورکے فارمیٹ میں ان کی غیر معمولی مستقل مزاجی کا ایک اور ثبوت بھی بنی۔ ہندوستان کے سابق کپتان مسلسل نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوہلی کے ونڈے میں مجموعی رنز کی تعداد 8741 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے سچن تندولکرکے8720 رنزکو پیچھے چھوڑکر اس زمرے میں پہلا مقام حاصل کرلی ہے ۔کوہلی نے یہ کامیابی66.21کی اوسط اور95.03کے اسٹرائیک ریٹ سے حاصل کی، جبکہ تندولکرکی اوسط42.33 اوراسٹرائیک ریٹ 88.44 تھا۔74رنز کی اس اننگز کے ساتھ نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے میں کوہلی کے مجموعی رنز 1971 ہوگئے ہیں۔ اس طرح وہ اس حریف ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرس کی فہرست میں رکی پونٹنگ کے برابر پہنچ گئے ہیں۔اس فہرست میں سچن تندولکر1750 رنز کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔ سری لنکا کے کمار سنگاکارا 1568، سنتھ جے سوریہ 1519 اور جنوبی افریقہ کے جیک کیلس 1449 رنز کے ساتھ ٹاپ چھ بیٹرس میں شامل ہیں۔کوہلی نے بیرون ملک ونڈے میں اپنی کامیابیوں کی فہرست میں ایک اور ریکارڈ بھی جوڑ لیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف صرف35 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی، جو بیرون ملک ونڈے میں ان کی دوسری تیز ترین نصف سنچری ہے ۔ بیرون ملک ان کی تیز ترین نصف سنچری 2016 میں کینبرا میں آسٹریلیا کے خلاف34 گیندوں پر بنی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2018 میں سینچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف36 اور 2017میں کولمبو میں سری لنکا کے خلاف 38گیندوں میں نصف سنچری بنائی تھی۔کوہلی کی حالیہ کامیابیاںکافی اہم ہیں۔