نئی دہلی : /15 مئی (ایجنسیز) نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے میڈیکل داخلہ امتحان ’ نیٹ یو جی 2026‘ کے دوبارہ انعقاد کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ امتحان /21 جون 2026 ء کو پورے ملک میں ایک ہی دن منعقد کیا جائے گا ۔ اس فیصلے کے بعد لاکھوں طلباء و طالبات نے اپنی تیاریوں کو دوبارہ تیز کردیا ہے ، کیونکہ یہی امتحان ملک کے مختلف میڈیکل کالجوں میں داخلے کی بنیاد بنتا ہے ۔ مئی کے آغاز میں منعقدہ امتحان پیپر لیک کے تنازعہ کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا ۔ این ٹی اے کے مطابق اس مرتبہ امتحانی مراکز پر نگرانی پہلے کے مقابلے زیادہ سخت رکھی جائے گی ۔ امتحان کے دوران جدید سیکوریٹی نظام ، اضافی عملہ اور سخت جانچ کا انتظام کیا جائے گا تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کو روکا جاسکے ۔
نیٹ پیپر لیک کیس کا اہم ملزم لیکچرر پونے سے گرفتار: سی بی آئی
نئی دہلی، 15 مئی (ایجنسیز) سی بی آئی نے نیٹ یو جی 2026 پرچہ لیک معاملے میں ایک اہم ملزم کو مہاراشٹرا سے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت کیمسٹری کے لیکچرر پی وی کلکرنی کے طور پر ہوئی ہے، جو نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی جانب سے امتحانی عمل سے وابستہ تھے اور انہیں خفیہ سوالیہ پرچوں تک رسائی حاصل تھی۔ سی بی آئی کے مطابق پی وی کلکرنی نے اپریل 2026 کے آخری ہفتے میں 14 مئی کو گرفتار منیشا واگھمارے کی مدد سے کچھ طلبہ کو جمع کیا اور پونے میں واقع اپنی رہائش گاہ پر خصوصی کوچنگ کلاسیں چلائیں۔ جانچ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ان کلاسوں کے دوران طلبہ کو ممکنہ سوالات، ان کے متبادل اور درست جوابات لکھوائے گئے تھے۔ تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ طلبہ نے ان سوالات کو اپنی نوٹ بک میں ہاتھ سے تحریر کیا تھا اور بعد میں یہ سوالات 3 مئی 2026 کو منعقدہ اصل نیٹ امتحان کے سوالیہ پرچے سے پوری طرح مطابقت رکھتے پائے گئے۔ سی بی آئی نے بتایا کہ تفصیلی پوچھ تاچھ کے بعد لاتور کے رہنے والے پی وی کلکرنی کو پونے سے گرفتار کیا گیا۔