کرناٹک سے راجیہ سبھا کی امیدواری کی قیاس آرائیاں
حیدرآباد ۔29۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس اعلیٰ کمان سے طلبی پر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نئی دہلی پہنچیں۔ انہوں نے لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ وائی ایس شرمیلا کی نئی دہلی آمد پر پارٹی حلقوں میں قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ ہائی کمان انہیں کرناٹک سے راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرسکتا ہے۔ کرناٹک میں راجیہ سبھا کی تین نشستوں پر کانگریس پارٹی کی کامیابی کے امکانات ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ وائی ایس شرمیلا کو کرناٹک سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب کرتے ہوئے آندھراپردیش میں پارٹی کے استحکام کی راہ ہموار کی جائے گی۔ کانگریس میں شمولیت کے موقع پر ہائی کمان نے انہیں راجیہ سبھا رکنیت کا وعدہ کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھرگے کو پھر ایک مرتبہ کرناٹک سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ باقی دو نشستوں میں ایک نشست وائی ایس شرمیلا کے لئے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد وائی ایس شرمیلا نے میڈیا سے کوئی بات چیت نہیں کی تاہم پارٹی حلقوں کے مطابق آئندہ دو دن میں راجیہ سبھا امیدواروں پر فیصلہ کرلیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے طور پر ڈی کے شیو کمار کی حلف برداری کے بعد راجیہ سبھا کے امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔1/k