حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ وائی ایس شرمیلا دراصل بی جے پی کی جانب سے چھوڑا ہوا تیر ہے تاکہ کانگریس کو نقصان پہنچایا جائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے وائی ایس شرمیلا کو فون کرتے ہوئے دہلی آنے کی دعوت پر تبصرہ کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کارکنوں کے حملہ کے بعد نریندر مودی نے شرمیلا سے فون پر بات کی لیکن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب پر وہ خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی سازش کررہی ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کا آغاز ہوچکا ہے اور حیدرآباد میں پنجہ گٹہ کے مقام پر ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کا مسئلہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے امبیڈکر کے مجسمہ کو پولیس کی تحویل میں رکھا ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ فوری مجسمہ نصب کرے۔ اسمبلی کے اجلاس میں اس مسئلہ پر کانگریس کی جانب سے توجہ دلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ کے ساتھ امبیڈکرکا مجسمہ کیوں نہیں رہ سکتا۔ر