وائیناڈ کے متاثرین میں جماعت اسلامی کے 10 کروڑ روپئے کے امدادی کام

   

حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند حلقہ کیرالہ نے وائیناڈ میں آفات سماوی سے متاثرہ علاقوں میں بازآبادکاری کیلئے 10 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کیرالہ یونٹ کے امیر پی مجیب الرحمن کے مطابق بازآبادکاری کے پہلے مرحلہ کا کام شروع ہوچکا ہے۔ جماعت اسلامی کے ریاستی ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جناب مجیب الرحمن نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے متاثرین کیلئے مستقل رہائشی سہولتوں کی ضرورت ہے تاکہ ڈائیلاسیس کے مریضوں اور ضعیفوں کیلئے علاج کا انتظام ہو۔ جماعت اسلامی نے عارضی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقامی رحیمہ اسکول کے تعاون سے پرائمری تا ہائیر سیکنڈری تعلیم کا انتظام کیا جارہاہے۔ متاثرہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر بازآبادکاری کے اقدامات کا سوشیل آڈٹ کیا جانا چاہیئے۔ جماعت اسلامی نے مرکزی حکومت سے متاثرین کیلئے فنڈز کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ زمین کے کھسکنے سے وائیناڈ کے کئی علاقے تباہی کا شکار ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے امداد اور بازآبادکاری کیلئے والینٹرس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن کے ذریعہ 500 سے زائد ایمرجنسی کٹس تقسیم کئے گئے۔ ڈاکٹرس کے گروپ مریضوں کا معائنہ اور علاج کررہے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں میں اناج اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں۔ پریس کانفرنس میں نائب امیر حلقہ کیرالہ ایم کے محمد علی اور سکریٹری پی شہاب موجود تھے۔1