وائیناڈ کے متاثرین کیلئے الوارجن نے25 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا

   

حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کیرالا کے وائیناڈ ضلع میں آفات سماوی کے نتیجہ میں بھاری تباہی سے نمٹنے کیلئے مختلف گوشوں کی جانب سے عطیات کا اعلان کیا جارہا ہے۔ تلگو سوپر اسٹار الوارجن نے وائیناڈ کے متاثرین کی امداد اور بازآبادکاری کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں 25 لاکھ روپئے عطیہ کا اعلان کیا۔ الوارجن نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ کیرالا ریاست کی مدد کرنا چاہتے ہیں جس نے ہمیشہ مجھے محبت سے نوازا ہے۔ وائیناڈ میں حال ہی میں زمین کھسکنے کے واقعہ سے ہوئی بھاری تباہی سے مجھے صدمہ پہنچا، میں اپنی جانب سے کیرالا چیف منسٹر کے ریلیف فنڈ میں بازآبادکاری کے کاموں کیلئے 25 لاکھ روپئے عطیہ کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کیرالا کے عوام کے تحفظ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اسی دوران ملیالم فلموں کے اداکار موہن لال نے وائیناڈ کے متاثرین کیلئے 3 کروڑ روپئے کے امدادی کام انجام دینے کا اعلان کیا۔ موہن لال جو انڈین ٹیریٹوریل آرمی میں لیفٹننٹ کرنل ہیں‘ کہا کہ وہ امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور انہوں نے سانحہ کے بارے میں کئی تصاویر سوشیل میڈیا میں وائرل کی ہیں۔ واضح رہے کہ ٹامل فلموں کے مشہور ایکٹر کمل ہاسن، سوریا، جیوتیکا، کارتی، وکرم، نین تارا، ملیالم فلموں کے مموٹی، سلمان، فہد فیصل اور دوسروں نے بھی چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیات کا اعلان کیا۔ کمل ہاسن نے 25 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا جبکہ فہد نے بھی 25 لاکھ روپئے کی امداد دی ہے۔1