بھکت خاتون نے درج کروائی شکایت ۔ ویڈیو کالس پر بھی فحش حرکتوں کا الزام
پونے / میرا ‘ بھیندر 7 اکٹوبر ( ایجنسیز ) ورنداون کے ایک مذہبی گرو اندرا دیو مہاراج کے خلاف جنسی ہراسانی اور دھمکانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ایک خاتون بھکت نے ‘ جس کا پونے سے تعلق ہے ‘ ان پر جنسی ہراسانی الزام عائد کیا اور کہا کہ جب وہ 2023 میں اترپردیش کے شہر ورنداون میں ان کے سیوا دھام آشرم میں مقیم تھی ‘ اندرا دیو مہاراج نے خود کو اس پر مسلط کرنے کی کوشش کی تھی ۔ اس کے علاوہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ مذہبی گرو نے ویڈیو کالس کے دوران بھی فحش حرکتیں کی تھیں۔ میرا ’ بھیندر میں کاشی میرا پولیس اسٹیشن میں زیرو ایف آئی آر درج کیا گیا ہے جسے متھورا کو منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ اندرا دیو سے تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوسکا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک خاتون جہد کار اور متاثرہ خاتون کی جانب سے پریس کانفرنس میں کچھ دوسری خواتین نے بھی شرکت کی اور اسی طرح کے الزامات کا اعادہ کیا ۔ تاہم ابھی تک صرف ایک ایف آئی آر درج کیا گیا ہے ۔ اس ایف آئی ار میں شکایت کنندہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ جب وہ 2023 میں ورنداون میں مقیم تھی اندرا دیو نے اسے اپنے کمرے میں رات دیر گئے طلب کیا ۔ انہوں نے دروازہ بند کردیا اور خود کو اس پر مسلط کرنے کی کوشش کی تھی ۔ شکایت کنندہ خاتون نے کہا کہ اس سے کہا گیا تھا کہ اگر کوئی پوچھے وہ کہاں گئی ہے تو بہانہ کرے کہ وہ دوا لینے گئی تھی ۔ خاتون نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اندر دیو نے اس سے ویڈیو کالس پر بھی رابطہ کیا اور اس دوران اسے کپڑے اتارنے پر مجبور کیا گیا ۔ سارے عمل کو ریکارڈ بھی کرلیا گیا ۔ اسے دھمکیاں دے کر سماج میں رسواء کرنے کا خوف دلا کر استحصال کیا جاتا رہا ۔ خاتون نے دعوی کیا کہ اندر دیو نے اس سے کہا تھا کہ میں بھگوان ہوں ۔ میری بات مانو ۔