وزیر اعظم مودی خود ہندوستان کی توہین کرتے ہیں: راہو ل

,

   

انڈین جرنلسٹس اسوسی ایشن لندن کے پروگرام سے کانگریس قائد کا خطاب
لندن: کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر پھر تنقید کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے ہندوستان کو بدنام کرنے والے بیانات پر بھی جوابی وار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے خود کہا ہے کہ پچھلے 60تا70 سالوں میں ملک میں کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے یہ کہہ کر ہر ہندوستانی اور ان کے دادا دادی کی توہین کی ہے کہ ہندوستان نے ایک دور کھو دیا ہے اور انہوں نے یہ سب کچھ غیر ملکی سرزمین پر ہی کہا ہے۔ واضح رہے راہول گاندھی لندن میں انڈین جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے پروگرام میں بی جے پی کے ان الزامات کا جواب دے رہے تھے، جس میں ان پر ہندوستان کو بدنام کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ یہی نہیں، اس دوران انہوں نے اپنی بھارت جوڑو یاترا کا موازنہ بی جے پی کی تین دہائیوں پرانی رتھ یاترا سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے بھی رتھ یاترا کی تھی، اس میں فرق ہے۔ اس سفر کا مرکز ایک رتھ تھا جو بادشاہ کی علامت ہے۔ ہم لوگوں کے ساتھ چل رہے تھے اور ان کو گلے لگا رہے تھے۔راہول نے یہ بھی کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کو شکست دینے کی ضرورت لوگوں کے ذہنوں میں اتر چکی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا بہت کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ادارہ جاتی ڈھانچے کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ آر ایس ایس اور بی جے پی نے ان اداروں (تفتیش ایجنسیوں) پر قبضہ کر لیا ہے جنہیں غیر جانبدار رہنا چاہیے۔ جب راہول سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اگلے وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ اہم بات بی جے پی اور آر ایس ایس کو شکست دینا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ انہوں نے کیمبرج لیکچر میں کبھی کوئی غلط بات نہیں کہی۔ بی جے پی چیزوں کو توڑ مروڑنا پسند کرتی ہے۔بعد میں راہول گاندھی نے اپنی فیس بک وال پر گفتگو کی تصاویر شیئر کیں۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا ’’لندن میں انڈین جرنلسٹس اسوسی ایشن کے ساتھ وسیع موضوعات پر بہترین بات چیت ہوئی، جس کے دوران میں نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ سے اپنے تجربات اور جو کچھ سیکھا وہ بھی شیئر کیا۔‘‘انہوں نے مزید لکھا ’’ایک آزاد اور منصفانہ میڈیا ترقی پسند اور جمہوری عالمی نظام کی بنیاد ہے۔‘‘