حیدرآباد۔یکم مئی ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آندھرا پردیش کے خلاف اپنے ریمارکس سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ کے ٹی آر نے آندھرا پردیش میں برقی اور دیگر شعبہ جات کی پسماندگی سے متعلق جو ریمارکس کئے تھے انہیں راتوں رات واپس لے لیا گیا کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کی ہدایت دی ہے۔ نارائنا نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے بارے میں انہوں نے جو ویڈیو وائرل کیا تھا اس پر آندھرا پردیش کی وزیر روجا نے کارروائی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس این وی رمنا نے عدلیہ کے بارے میں کل جو اظہار خیال کیا ہے وہ لائق ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی توہین عدالت کے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں ان کے علاوہ اور بھی قائدین عدلیہ کے توہین کے مرتکب ہوئے ہیں۔ نارائنا نے کہا کہ آندھرا پردیش میں پانی اور برقی کے علاوہ سڑکوں کی ابتر صورتحال کے بارے میں کے ٹی آر کے ریمارکس کے بعد دونوں ریاستوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ر