چیف منسٹرکو مدعو نہ کرنے پر ونود کمار کی تنقید
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی کے 12 نومبر کو دورہ راما گنڈم پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ راما گنڈم فرٹیلائزرس اینڈ کیمیکلس لمیٹیڈ کو قوم کے نام معنون کرنے کے لئے وزیر اعظم 12 نومبرکو آرہے ہیں لیکن اس پروگرام کے بارے میں ریاستی حکومت اور چیف منسٹر سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی اور نہ ہی انہیں باقاعدگی سے مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی میں فرٹیلائزرس کی پیداوار ایک سال قبل شروع ہوچکی ہے ایسے میں وزیر اعظم کا یہ دورہ محض سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ راما گنڈم میں جلسہ عام سے خطاب کا مقصد بی جے پی کو فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی میں تلنگانہ حکومت کی مناسب حصہ داری ہے لیکن وزیر اعظم کے پروگرام میں چیف منسٹر کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو راماگنڈم میں آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا اعلان کرنا چاہیئے۔ر