نئی دہلی ، 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو اتفاق کرلیا کہ منگل کو اُس پی آئی ایل کی سماعت کی جائے گی جس کے ذریعے مرکز کو ایسی ہدایت دینے کی استدعا کی گئی ہے کہ کوئی جوڈیشل کمیشن یا اعلیٰ سطح کی اکسپرٹ کمیٹی تشکیل دیں تاکہ جنس کے معاملے میں انصاف، مساوات، اور خواتین کے وقار کو یقینی بنانے کیلئے یونیفارم سیول کوڈ (یو سی سی) یعنی یکساں ضابطہ دیوانی کا مسودہ تیار کیا جاسکے۔ اس عرضی کا چیف جسٹس ڈی این پٹیل اور جسٹس سی ہری شنکر کی بنچ کے روبرو تذکرہ ہوا، جس نے اسے اسی طرح کی زیرتصفیہ پٹیشن کے ساتھ سماعت کیلئے جوڑ دیا۔ ایڈوکیٹ ابھینو بیری کی داخل کردہ عرضی میں یہ بھی کہا گیا کہ لا کمیشن کو یو سی سی کا مسودہ اندرون تین ماہ تیار کرنے کی ہدایت دی جائے، جس میں تمام مذاہب اور فرقوں، ترقی یافتہ ممالک کے دیوانی قوانین اور انٹرنیشنل کنونشنس کی بہترین باتوں کو ملحوظ رکھا جائے، اور پھر اسے اپنی ویب سائٹ پر کم از کم 90 یوم کیلئے شائع کریں تاکہ وسیع عوامی مباحث ہوں اور جوابی باتیں حاصل ہوں۔ ایک اور پٹیشن بھی عدالت میں تصفیہ طلب ہے جسے بی جے پی لیڈر اور وکیل اشوینی کمار اپادھیائے نے یو سی سی کو وضع کرنے کی استدعا کے ساتھ داخل کیا، تاکہ اتحاد، بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جاسکے۔