وزیراعظم نریندر مودی کی ساری توجہ تلنگانہ پر مرکوز

   

ڈاکٹر لکشمن سے تبادلہ خیال ، آج کریم نگر میں جلسہ عام سے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کی قومی قیادت تلنگانہ پر اپنی ساری توجہ مرکوز کرچکی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ میں بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا آج کریم نگر میں تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی پانچویں مرحلے کی پرجا سنگرام یاترا کی اختتامی تقریب کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ واضح رہے کہ آئندہ سال تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔ گجرات اور ہماچل پردیش کے بعد بی جے پی کی قومی قیادت اپنی ساری توجہ تلنگانہ اور کرناٹک پر مرکوز کردی ہے ۔ پارلیمنٹ میں آج اچانک نریندر مودی اور ڈاکٹر لکشمن کا آمنا سامنا ہوگیا ۔ جس پر مودی نے ڈاکٹر لکشمن سے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال بالخصوص بنڈی سنجے کی پدیاترا کو عوام سے حاصل ہونے والی تائید کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ تلنگانہ میں عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔ بنڈی سنجے کی پدیاترا بڑی حد تک کامیاب ہے اور انہیں عوام کی بھر پور تائید حاصل ہورہی ہے ۔ بعد ازاں ڈاکٹر لکشمن نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم تلنگانہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ وہ تلنگانہ کی حال حقیقت سے وزیراعظم کو واقف کراچکے ہیں ۔ تلنگانہ میں پیش آنے والے ہر چھوٹے واقعہ سے وزیراعظم واقف ہے ۔ چند دن قبل چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی دہلی پہونچے تھے اور وزیراعظم سے ملاقات کے دوران انہوں نے اپنی بہن شرمیلا کی انداز گرفتاری کی مذمت نہ کرنے کی وجہ طلب کی اور دوسرے دن وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا سے ٹیلی فون پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے ( مودی ) سے دہلی پہونچکر ملاقات کرنے کی دعوت دی تھی ۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا 15 دسمبر کو کریم نگر میں منعقد ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے ۔ وہ اسی دن شام میں دہلی کے لیے روانہ ہوجائیں گے ۔۔ ن