وقف بل کیخلاف مسلم پرسنل لاء بورڈ کے احتجاج کی تائید کا اعلان

   

رمضان میں خصوصی دعاؤں کی اپیل، یونائٹیڈ مسلم فورم کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 مارچ (پریس نوٹ) یونائٹیڈ مسلم فورم نے ملک کے موجودہ حالات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ملک گیر احتجاج کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ فورم کے ذمہ داران مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر)، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، جناب ضیا الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار ، مولانا سید شاہ ظہیرالدین علی صوفی قادری، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا محمد شفیق عالم خان جامعی، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی، مولانا مفتی محمد عظیم الدین انصاری، مولانا سید احمدالحسینی سعید قادری، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا ابوطالب اخباری، مولانا میر فراست علی شطاری ایڈوکیٹ، جناب ایم اے ماجد، مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری، مولانا ظفراحمد جمیل حسامی، مولانا سید وصی اللہ قادری نظام پاشاہ، مولانا مکرم پاشاہ قاری تخت نشین، مولانا مفتی معراج الدین علی ابرار، مولانا عبدالغفار خان سلامی، جناب بادشاہ محی الدین، جناب محمد خلیل الرحمن، ڈاکٹر نظام الدین، جناب شفیع الدین، جناب ضیاء الدین، مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ، مولانا سید قطب الدین حسینی صابری، مولانا زین العابدین انصاری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے قومی سطح پر جمعرات 13 مارچ کو دہلی کے جنترمنتر میں احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ملک کے دوسرے شہروں بالخصوص پٹنہ، وجے واڑہ و دیگر شہروں میں اس بل کے خلاف احتجاجی مظاہرے منظم کئے جارہے ہیں۔ فورم نے ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی اور کسی نہ کسی بہانہ مسلمانوں پر مظالم، ان کی مساجد، خانقاہوں، درگاہوں، مدرسوں اور گھروں پر بلڈوزر چلادینے، ہجومی تشدد میں ہلاکتیں، شرپسندوں کو حکومت کو حکومت پولیس و انتظامیہ کی کھلی چھوٹ اور معمولی بات کا بتنگڑ بنا کر گودی میڈیا و سوشل میڈیا کے ذریعہ نفرت کو ہوا دینے کی کوششوں کی مذمت کی ہے جو اب معمول بن گئی ہیں۔ ان حالات میں مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اس ملک میں دستور کی حکمرانی اور دستور میں دیئے گئے حقوق کے تحفظ کیلئے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا ہے۔ یونائٹیڈ مسلم فورم کے ذمہ داران نے عامتہ المسلمین سے اپیل کی ہیکہ وہ جاریہ مقدس ماہ رمضان میں اپنی عبادتوں پر توجہ دیں، لہولعب سے پرہیز کریں۔ قنوت نازلہ کا اہتمام کریں۔ نماز تراویح، تہجد و نیم شبی عبادتو ںمیں مسلمانوں کی جان و مال، عزت و آبرو ان کے ایمان کی حفاظت کیلئے دعا کریں۔ مظلوم فلسطینیوں کو بھی اپنی دعاؤں میں شامل کریں۔آئمہ و خطباء جمعہ کے خطبات کے ذریعہ موجودہ حالات کے بارے میں عوامی شعور کو بیدار کریں۔