وقف بورڈ کے نظام قضات کا کوئی پرسان حال نہیں، بے قاعدگیاں جاری

   

حیدرآباد۔7۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے نظام قضات کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات پر عمل آوری نہ ہونے کے سبب بورڈ میں وہی رفتار بے ڈھنگی جاری ہے ۔ اس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ شاہنواز قاسم نے قضات کے امور بالخصوص میریج سرٹیفکیٹ کیلئے درخواست کے ادخال اور اجرائی کو بہتر بنانے اور رشوت سے پاک نظام کیلئے جو اقدامات کئے تھے ان پر کوئی عمل آوری نہیں کی جا رہی ہے بلکہ تلنگانہ وقف بورڈ کے شعبہ قضات میں خدمات انجام دینے والے جن ملازمین کا دیگر شعبوں میں تبادلہ کیا گیا تھا وہ اب بھی قضات میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور سی ای او حج ہاؤز میں جاری ان سرگرمیوں سے واقف نہیں ہیں بلکہ انہیں گمراہ کن اطلاعات فراہم کرتے ہوئے شعبہ قضات کی بے قاعدگیوں و بدعنوانیوں کو جاری رکھا گیا ہے۔ وقف بورڈ کے شعبہ قضات میں اصلاحات کے سلسلہ میں چیف اکزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے سخت گیر اقدامات کرتے ہوئے ماحول کو عوام دوست بنانے کی کوشش کرنے کے علاوہ درخواست گذاروں کو ایک سے زائد چکر کاٹنے سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے تھے لیکن عملہ کی غیر سنجیدگی اور تبادلہ کے احکامات کے باوجود اسی شعبہ میں خدمات کی انجام دہی حالات میں بہتری کے بجائے بے راہ روی اور رشوت میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے اور اگر کوئی درخواست گذار عاجلانہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے ڈی ایچ ایل جو کہ کوریئر خدمات ہے اس سے رابطہ کروایا جا رہا ہے اور اس رابطہ کیلئے علحدہ رشوت ادا کرنی پڑرہی ہے جبکہ کوریئر خدمات والے کی جانب سے علحدہ رقم حاصل کی جارہی ہے تاکہ ہاتھوںہاتھ سرٹیفیکیٹ حوالہ کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ سرٹیفکیٹ کے ادخال میں بھی دھاندلیوں اور بے قاعدگیوں کا سلسلہ جاری ہے اور غیر مجاز افراد درخواست داخل کررہے ہیں۔ شاہنواز قاسم نے ملازمین کے درمیان سانٹھ گانٹھ کو توڑنے کی کوشش کی تھی لیکن ہمہ وقت سی ای او کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس شعبہ میں وہی عملہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ م
جس کا تبادلہ بورڈ کے مختلف شعبہ جات میں کیا جاچکا ہے لیکن آپسی تال میل کے سبب ان کی کوئی شکایت نہیں ہورہی ہے۔م