حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد تا وشاکھاپٹنم شروع کی گئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو مسافرین کی جانب سے غیرمعمولی ردعمل حاصل ہوا ہے۔ ابتدائی تین دنوں میں صد فیصد گنجائش کے ساتھ ٹرین نے مسافت طئے کی جس کے ذریعہ عوام کے جوش و خروش کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے وندے بھارت ایکسپریس ٹرین پر عوامی ردعمل سے متعلق پریس نوٹ جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ 16 جنوری سے سرویس کا آغاز ہوا اور 14 جنوری سے بکنگ شروع کی گئی تھی۔ ابتدائی تین دنوں میں ٹرین کی گنجائش وشاکھاپٹنم سے سکندرآباد کے لئے علی الترتیب 99 فیصد، 144 فیصد اور 149 فیصد رہی۔ ٹرین میں 14 اے سی چیر کار کوچس اور 2 ایگزیکیٹو اے سی چیر کار کوچس ہیں جن کی گنجائش علی الترتیب 102 اور 104 ہے۔ ٹرین میں جملہ مسافرین 1128 سفر کرسکتے ہیں۔ سکندرآباد تا وشاکھاپٹنم یہ ٹرین ورنگل، کھمم، وجئے واڑہ اور راجمندری کے مسافرین کیلئے سہولت بخش بن چکی ہے۔ صرف 8 گھنٹے اور 30 منٹ میں ٹرین یہ طویل مسافت طئے کررہی ہے۔ ٹرین میں مسافرین کی سہولت اور حفاظت کیلئے تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں۔ر