ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے میں خامیوں کی شکایت

   

چیف الیکٹورل آفیسر سے کانگریس کی نمائندگی،آدھار کو اختیاری بنانے کی مخالفت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے یکم اگست سے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کی مہم ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی اور نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن نے چیف الیکٹورل آفیسر کو یادداشت پیش کی جس میں آدھار سے مربوط کرنے کے معاملہ کو اختیاری بنانے کی مخالفت کی گئی ۔ ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر حیدرآباد نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں بتایا گیا کہ یکم اگست سے آدھار کی تفصیلات حاصل کرنے کی مہم شروع کی جارہی ہے۔ اس کے لئے ضروری فارمس دستیاب رہیں گے ۔ سیاسی جماعتوں کو ترمیم شدہ فارمس کی کاپی حوالے کی گئی ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ مجوزہ مہم کے بارے میں عوام میں کئی شبہات پائے جاتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 6 فراہم کیا گیا ہے جس میں گنجائش رکھی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص اگر چاہے تو آدھار کی تفصیلات دینے سے گریز کریں۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ آدھار تفصیلات کی فراہمی سے گریز کے لئے الیکشن کمیشن نے فارم 6 اور فارم 6B فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو غلط معلومات فراہم کرنے کا موقع دیا جارہا ہے اور آدھار کی موجو دگی کے باوجود فارم کے ذریعہ رائے دہندے انکار کرسکتے ہیں۔ کانگریس قائدین نے دونوں فارمس میں ترمیمات کی سفارش کی ہے تاکہ عوام غلط معلومات کی فراہمی سے بچ سکیں۔ الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی کہ ترمیم شدہ فارمس کی اجرائی تک ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کی مہم ملتوی کی جائے۔ ر