ووٹر لسٹوں کی نظر ثانی مہم کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے : کے ٹی آر

   

تاحال صرف پُر کئے ہوئے 7 فیصد فارمس جمع کرائے گئے ۔ بی آر ایس وفد دہلی پہونچکر نمائندگی کرے گا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظر ثانی SIR کے عمل میں جاری سست روی اور عوامی بیداری کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سنٹرل الیکشن کمیشن سے اس مہم کی آخری تاریخ میں فوری توسیع کا مطالبہ کیا ہے ۔ تلنگانہ بھون میں ایس آئی آر عمل سے متعلق تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے انکشاف کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ کردہ BLAs کئی مقامات پر رائے دہندوں کو اس پیچیدہ عمل سے متعلق مناسب معلومات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے گراونڈ رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اب تک تقسیم کئے گئے فارمس میں صرف 7 فیصد فارم بھر کر جمع کرائے جاسکے ہیں ۔ جب کہ 93 فیصد کام ابھی باقی ہے ۔ ان حالات میں یہ بالکل ممکن نہیں لگتا کہ 24 جولائی کی مقررہ آخری تاریخ تک یہ صد فیصد عمل مکمل ہوسکے گا ۔ اس لیے الیکشن کمیشن زمینی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس مہلت میں توسیع کرنے کے معاملے میں سنجیدگی سے غور کریں ۔ کے ٹی آر نے انتخابی نظام میں موجود بڑی خامیوں کو اجاگر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکام جو اضلاع میں مقامی طور پر ڈپلیکٹ (دوہرے ) ووٹوں کو ہٹانے پر توجہ دے رہے ہیں ۔ وہ اس سے بھی بڑے معاملے کو نظر انداز کررہے ہیں ۔ جہاں ایک ہی شخص کا نام ملک کی مختلف ریاستوں کی ووٹر لسٹوں میں بیک وقت موجود ہے ۔ کے ٹی آر نے اعلان کیا کہ اس سنگین دھاندلی کو روکنے اور پورے ملک میں ایک شخص ۔ ایک جگہ ووٹ ۔ ( one persson, one vote ) کے نظام کو سختی سے نافذ کرنے کے مطالبے کے ساتھ بی آر ایس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بہت جلد دہلی پہونچ کر سنٹرل الیکشن کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کرے گا ۔۔ 2/m/b