وکلاء ۔ پولیس تصادم، دو اسسٹنٹ سب انسپکٹرس کو گرفتاری سے عبوری راحت

   

نئی دہلی 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو ان دو پولیس اہلکاروں کو گرفتاری سے بچنے کے لئے عبوری تحفظ فراہم کردیا ہے جن کے خلاف رواں ماہ کے اوائل میں تیس ہزاری عدالت میں وکلاء اور پولیس کے درمیان تصادم کے ضمن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس ڈی این پاٹل اور جسٹس سی ہری شنکر نے مرکز، دہلی پولیس، بار کونسل آف انڈیا اور دیگر مختلف بار اسوسی ایشنوں سے ان دونوں اسسٹنٹ سب انسپکٹرس کی اس درخواست پر جواب طلب کیا ہے جس میں واقعہ کی عدالتی تحقیقات کی تکمیل تک گرفتاری سے محفوظ رکھنے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے کہاکہ کانتا پرساد اور پون کمار کے خلاف کوئی انتقامی و استبدادی کارروائی نہ کی جائے۔ یہ واقعہ پیش آنے کے بعد ان دونوں کو معطل کردیا گیا تھا۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 23 ڈسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔