حیدرآباد : سڈنی ٹسٹ میں زخمی ہونے کے باوجود شاندار مظاہرے کرنے والے میڈل آرڈر بیٹسمین جی ہنوماوہاری اور روی چندرن اشون کی چاروں گوشوں سے تعریفیں کی جارہی ہیں۔ وہاری جنہوں نے زخمی ہونے کے باوجود آسٹریلیائی بولروں کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی طرح ڈٹ گئے تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین نے انہیں ہندوستان کی اگلی دیوار قرار دے دیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہیکہ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ کو ان کی بیٹنگ کی شاندار تکنک اور مضبوط دفاعی انداز کی وجہ سے دیوار کہا جاتا تھا اور وہاری کی مضبوط بیٹنگ کی وجہ سے انہیں ہندوستان کی اگلی دیوار کہا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر ہنوماوہاری کی بچپن کی چند تصاویر گشت کررہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وہاری کو رامائن کے ہنومان کی طرح ظاہر کیا گیا ہے جس میں آسٹریلیائی کپتان ٹم پین کو راون، اسٹیو اسمتھ کو وبھی شنا اور ان کے ساتھ پیٹ کمنس ساتھی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ ہنومان کا پیر اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کی تمام تر کوششیں رائیگاں جارہی ہیں۔ ایک اور پوسٹ میں وہاری کو امیتابھ بچن کی مشہور فلم دیوار میں وجئے کے کردار میں دکھایا گیا ہے جہاں وہ تمام ویلنس کے خلاف اپنا مضبوط دفاع کررہے ہیں۔ یاد رہے وہاری نے سڈنی میں ڈرا ہوئے ٹسٹ کے دوران 161 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل تسخیر 23 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کے ساتھی بیٹسمین روی چندرن اشون نے 39 رنز اسکور کرنے کے علاوہ پانچویں وکٹ کیلئے 256 گیندوں میں 62 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی ہے۔ سکندرآباد کے سینٹ جانس اکیڈیمی میں ان کے کوچ جان منوج نے وہاری کے ابتدائی کرکٹ کے دنوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاری کے جب والد کا انتقال ہوا تو وہ ذہنی دباؤ میں تھے لیکن اسی دوران سینٹ اینڈریوس اسکول میں ان کیلئے ایک سرپرست مل گیا جنہوں نے اس طالب علم کی تعلیمی سرگرمیوں کی ذمہ داری لی اور یہی وہاری کی کامیابی کا ایک اہم موڑ رہا۔ موجودہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ آر سریدھر جو وہاری کے اسکول کے دنوں میں ان کے ساتھ کافی تبدیلی بیٹنگ سیشن کی سرپرستی کرتے تھے جبکہ دیگر اہم نام بھی وہاری کو ایک شاندار بیٹسمین بنانے میں اہم رول ادا کیا۔