کرارا (آسٹریلیا): انڈیا ویمنس کرکٹ ٹیم کا آسٹریلیا میں ابتدائی دو ونڈے انٹرنیشنل میچز ہارنے کے بعد سے بہتر مظاہرہ مسلسل جاری ہے۔ میتھالی راج کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے واحد ٹسٹ (گلابی گیند) میں میزبانوں کے خلاف 377/8 پر اپنی پہلی اننگز آج تیسرے روز ڈیکلیر کی۔ پھر آسٹریلیا کو جوابی اننگز میں 143/4 تک گھٹا دیا۔ چنانچہ دن کا کھیل ختم ہونے پر مہمانوں کو ہنوز 234 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ چار روزہ ویمنس ٹسٹ کا اتوار کو آخری دن ہے۔ آسٹریلیائی کپتان میگ لیننگ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ ایلیز پیری 27 اور ایشلے گارڈنر 13 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ میتھالی نے انڈین اننگز اُس وقت ڈیکلیر کردی جب دپتی شرما 66 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ انھوں نے کرارا اوول میدان پر 167 گیندوں کی اننگز کھیلی۔ دپتی نے آٹھ چوکے لگائے اور اپنا بہترین ٹسٹ اسکور درج کرایا۔ اتوار کو اگر انڈین ٹیم آسٹریلیا کو آل آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوجائے تو T20 انٹرنیشنل سیریز کیلئے ویمنس ٹیم کو یقینا حوصلہ ملے گا۔ گزشتہ روز سمرتی منڈھانا نے اس فارمٹ میں اپنی شاندار پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے شہ سرخیوں میں جگہ بنائی تھی۔ 25 سالہ سمرتی ڈے؍ نائٹ ٹسٹ میچوں میں سنچری اسکور کرنے والی پہلی ہندوستانی بنی۔ آسٹریلیائی سرزمین پر انڈیا کی طرف سے تین ہندسی اسکور کرنے والی بھی وہ پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ آل راؤنڈر دپتی ڈنر بریک کے تھوڑی دیر بعد آؤٹ ہوگئی۔ گولڈ کوسٹ میں جاری تاریخی ویمنس ڈے؍ نائٹ میچ میں بارش نے دوسرے دن کے کھیل کا معقول حصہ ضائع کیا تھا۔ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز 7 اکٹوبر کو کرارا میں ہی شروع ہوگی۔ 9 اور 11 اکٹوبر کو دیگر دو مقابلے مرر ہیں۔