ویکسین تیاری میں مزید نوجوانوں کو شامل کرنے کی مساعی

   

نظام کالج میں ایک روزہ کانفرنس۔ ڈاکٹر برندا گونیرو اور پروفیسر بھیما کا خطاب
حیدرآباد 17 فبروری ( سیاست نیوز ) بھارت بائیو ٹیک کی جانب سے ویکسین تیاری کے عمل میںمزید نوجوانوں کو شامل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بھارت بائیوٹیک انٹرنیشنل لمیٹیڈ اور نظام کالج نے مشترکہ طور پر ایک روزہ کانفرنس ویکسین کی تیاری اور اس کے معیار پر نظام کالج میں منعقد کی تھی ۔ کانفرنس کی صدارت پروفیسر بی بھیما پرنسپل نظام کالج نے کی ۔ بھارت بھائیوٹیک کوالٹی کنٹرول سربراہ ڈاکٹر برندا گونیرو نے کانفرنس میں واضح کیا کہ طلبا کو ویکسین کی تیاری کے طریقہ کار سے واقف کروایا جا رہا ہے تاکہ وہ عالمی وبائی امراض سے نمٹنا سیکھ سکیں۔ ہر کوئی کورونا وباء میں ہوئے نقصانات سے وقافف ہے ۔ یہ تباہی نہ صرف ہمارے ملک میں بلکہ دنیا بھر میں ہوئی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت بائیوٹیک نے اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے کافی جدوجہد کے بعد اس کی دوا کو ویکسین تیار کی تاکہ اس وباء سے نمٹنے میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں چاہے کسی طرح کی وبائیں پھوٹیں بھارت بائیوٹیک ان کا سامنا کرنے تیار ہے اور اس کیلئے ہم طلبا کو بھی تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بائیوٹیک وومن لفٹ ہیلت لیڈرشپ پروگرام کے ذریعہ بین الاقوامی شراکت داری کی ہے اور حیدرآباد کے چار کالجس میں ویکسین پر شعور بیداری پروگرام پہلے ہی منعقد کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت بائیوٹیک کی جانب سے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ویکسین تیاری کے عمل میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ پروفیسر بی بھیما نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ طلبا کو کووڈ سے قبل اور اس کے مابعد اثرات سے واقف کروایا جائے ۔ اس سے ملنے والے سبق پر تبادلہ خیال کیا جائے ۔ بھارت بائیو ٹیک نے کورونا وباء پر قابو پانے میں جو رول ادا کیا ہے وہ بے مثال ہے ۔ بھارت رتن ایوارڈ بھارت بائیوٹیک کے صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر کرشنا ایلا کو دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں شعور بیدار کرنے نظام کالج کا بھارت بائیوٹیک سے اشتراک جاری رہے گا۔