ٹاملناڈو میں بھٹی وکرامارکا اور مدھو یاشکی گوڑ کی انتخابی مہم

   

ڈی ایم کے اتحاد کی کامیابی کا یقین، انتخابی وعدوں کی تکمیل کا تیقن
حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات میں ڈی ایم کے زیرقیادت اتحاد کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایم کے اسٹالن کی زیرقیادت حکومت کو دوبارہ اقتدار عطا کریں۔ بھٹی وکرامارکا نے اے آئی سی سی کے خصوصی مبصر مدھو یاشکی گوڑ کے ہمراہ رانی پیٹ ضلع کے 4 اسمبلی حلقہ جات کی مہم میں حصہ لیا۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے اتحاد کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا اور عوام ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے حق میں ووٹ دیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹاملناڈو کے عوام نے ہمیشہ سیکولرازم اور ترقی کو ترجیح دی ہے۔ ٹاملناڈو کے عوام ٹامل عزت نفس کا تحفظ کرتے ہوئے ایم کے اسٹالن کی حکومت کو پھر ایک مرتبہ اقتدار کا موقع فراہم کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا حوالہ دیا جن میں خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور راشن کارڈ پر باریک چاول کی سربراہی شامل ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی طرح ٹاملناڈو میں بھی انتخابی وعدوں کی تکمیل کی جائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے گئے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ ٹاملناڈو نے ہمیشہ اہم مسائل پر ملک کی رہنمائی کی ہے۔ یہ محض ایک ریاست نہیں بلکہ ایک مضبوط نظریاتی قوم ہے۔ بی جے پی اور انا ڈی ایم کے کو نشانہ بناتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ ریاست میں سیکولرازم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت نے ٹاملناڈو کی تہذیب اور ثقافت کو نقصان پہنچایا ہے۔ اُنھوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ سماج میں پھوٹ پیدا کرنے والی طاقتوں سے چوکس رہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے پیدل دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور ڈی ایم کے اتحاد کے انتخابی منشور سے واقف کرایا۔V/1/k/b