ٹاملناڈو میں بی ایس پی صدر کا قتل، ملزمین گرفتار

   

چینائی : بی ایس پی کی ٹاملناڈو یونٹ کے صدر کے آرمسٹرانگ کو گزشتہ روز چینائی میں قتل کر دیا گیا۔ ان پر جمعہ 5 جولائی کی شام پیرمبور میں واقع ان کے گھر کے باہر حملہ کیا گیا۔ زخمی آرمسٹرانگ کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اس قتل پر سوال اٹھائے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے حملہ آوروں کی گرفتاری کی اطلاع سوشل میڈیا پر دی۔قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسٹالن نے حملہ آوروں کی گرفتاری کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا، ”بہوجن سماج پارٹی کے ریاستی صدر آرمسٹرانگ کا قتل حیران کن اور انتہائی افسوسناک ہے۔ پولیس نے راتوں رات قتل میں ملوث لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔‘‘انہوں نے ایک طویل پوسٹ میں مزید لکھا، ’’میں آرمسٹرانگ کی سوگوار پارٹی، خاندان، رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرنا چاہوں گا۔ میں نے پولیس افسران سے کہا ہے کہ وہ معاملے کی جلد تحقیقات کریں اور مجرموں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کے احکامات جاری کر دئے ہیں۔‘