ٹاملناڈو:بھارت بند کے دوسرے دن بھی بینکنگ خدمات معطل

   

چینائی: ٹاملناڈو میں بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف بلائی گئی دو روزہ عام ہڑتال کے دوسرے دن منگل کو بھی بینکنگ خدمات معطل رہیں۔ تاہم کل کے مقابلے پبلک ٹرانسپورٹ خدمات میں بہتری آئی ہے ۔اس دوران پورے تامل ناڈو میں ایک لاکھ سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ، جن میں سے 15000 دارالحکومت چینائی میں تعینات تھے ۔ریاستی حکومت نے پہلے ہی تمام محکموں کے ملازمین کو خبردار کیا تھا کہ ہڑتال میں حصہ لینے کے لیے چھٹی لینے والے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے گی۔ ریاست میں اسکول، کالج، دکانیں اور تجارتی ادارے کھلے رہے ۔ بینکنگ خدمات بند ہونے کی وجہ سے نقد لین دین اور چیک کلیئرنس میں خلل پڑا۔میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن(ایم ٹی سی) کی بس خدمات، جو ہڑتال کے پہلے دن بری طرح متاثر ہوئی تھیں، دوسرے دن تقریباً پوری صلاحیت کے ساتھ چلیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زیادہ تر بسیں چینائی اور ریاست کے دیگر حصوں میں سڑکوں پر اتریں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، منگل کو چینائی میں 98 فیصد (3,169) ایم ٹی سی بسیں سڑکوں پر اتریں۔ مضافاتی ای ایم یو ٹرین اور چینائی میٹرو ٹرین میں لگاتار دوسرے دن بہت زیادہ رش دیکھنے میں آیا۔