اپنی اور دوسرے راہ گیروں کی جان کا تحفظ اہمیت کا حامل : کمشنر پولیس کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد ایک تاریخی شہر ہے اور عظیم تہذیب و ثقافت کا حامل ہے۔ اس شہر میں ٹریفک جیسے سنگین مسئلہ پر قابو پانے ہر شہری کو اپنا تعاون پیش کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار کے سرینواس ریڈی سٹی پولیس کمشنر نے کیا جو آج روڈ سیفٹی پر ایک اجلاس کو مخاطب تھے۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے روٹری کلب کے تعاون سے اس موقع پر طبی کیمپ منعقد کیا ۔ ٹرک اور آٹو ڈرائیورس کی کثیر تعداد اجلاس میں شریک تھی۔ سٹی پولیس کمشنر سرینواس ریڈی نے کہا کہ سڑک استعمال کرنے والے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے۔ انہوں نے لاپرواہی سے گاڑی چلانے والے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ساتھی شہریوں کا خیال رکھیں۔ کہیں اپنی لاپرواہی اور بے لگام رفتار دوسروں کیلئے نقصاندہ ثابت نہ ہو۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ احتیاط اور ذمہ داری سے گاڑی چلانا کئی خطرات کو روک سکتا ہے۔ پہلے خود اپنی حفاظت اور پھر دوسرے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کا استعمال کرنے والے ہر شہری کو قوانین پر لازمی عمل کرنا ہوگا۔ شرائط اور قوانین کی پاسداری کئی مصیبتوں کو روکنے کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے آٹو ڈرائیورس کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ یہ ایک خود روزگار بھی ہے اور شہریوں کی خدمت کا ذریعہ بھی ۔ انہوں نے ٹرک ڈرائیورس کی خدمات کی بھی ستائش کی۔ اس موقع پر ڈرائیورس کیلئے آنکھوں کی جانچ کا کیمپ لگایا گیا ۔ کمشنر پولیس نے اس طبی اقدام پر ٹریفک پولیس کو مبارکباد پیش کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت خود کی حفاظت کے ساتھ دیگر شہریوں کا خیال رکھ کر گاڑی چلائیں ۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس حیدرآباد کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ ع